عوام تیاری پکڑلیں! محکمہ موسمیات نے بارشوں سے متعلق بڑی پیشگوئی کردی

ملک بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ، این ڈی ایم اے نے ممکنہ خطرات سے خبردار کر دیا

اسلام آباد سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی سامنے آ گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق 29 اگست سے 2 ستمبر تک مختلف علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث شہریوں کو احتیاط برتنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شمالی اور شمال مشرقی پنجاب، خصوصاً راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، چکوال، جہلم اور اٹک میں 30 اور 31 اگست کو تیز بارشیں متوقع ہیں۔

وسطی و جنوبی پنجاب کے شہروں میں 29 سے 31 اگست کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔ ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے نشیبی علاقوں میں سیلاب کی صورتِ حال پیدا ہو سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان، کوہاٹ اور بنوں میں بارشوں کے ساتھ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، خاص طور پر ملاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں۔

آزاد کشمیر کے اضلاع مظفرآباد، باغ، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بھی 29 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر گلگت بلتستان میں بھی شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں گلگت، سکردو، ہنزہ، دیامر، استور، غذر اور گانچھے شامل ہیں۔

سندھ کے ساحلی علاقوں کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ کراچی میں شہری سیلاب کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ کے دیگر شہروں جیسے حیدرآباد، دادو، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں 30 اگست تا یکم ستمبر شدید بارشیں ہو سکتی ہیں۔

بلوچستان کے ساحلی و مشرقی اضلاع گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، لسبیلہ اور قلات میں بھی 29 اگست سے یکم ستمبر کے دوران موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں، جن سے نچلے علاقوں میں سیلاب آسکتا ہے۔

مزید بارشوں کی صورت میں دریائے راوی، ستلج اور چناب کے کنارے آباد علاقوں میں سیلابی کیفیت شدت اختیار کر سکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت دے دی ہے اور امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خواجہ سعد رفیق کا باجوڑ کا دورہ، متاثرین آپریشن و سیلاب کیلئے امداد کاا علان

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، نشیبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، جبکہ سیاحوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر فی الحال مؤخر کر دیں۔

Scroll to Top