رواں سال کا پہلا بلڈ مون پاکستان میں کب نظر آئے گا؟ محکمہ موسمیات نے تفصیلات جاری کر دیں

محکمہ موسمیات نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کا پہلا مکمل چاند گرہن، جسے بلڈ مون بھی کہا جاتا ہے 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی رات پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

چاند گرہن کا آغاز 7 ستمبر کو رات 8 بج کر 28 منٹ پر ہوگا جبکہ جزوی گرہن کا مرحلہ 9 بج کر 27 منٹ پر شروع ہوگا۔ چاند گرہن اپنی پوری شدت کو رات 11 بج کر 12 منٹ پر پہنچے گا اور جزوی گرہن 12 بج کر 57 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔

مکمل چاند گرہن کا اختتام 8 ستمبر کو 1 بج کر 55 منٹ پر متوقع ہے۔ چاند گرہن کا کل دورانیہ 5 گھنٹے 27 منٹ ہوگا جس دوران چاند کا رنگ سرخی مائل ہو جائے گا، جسے عوامی زبان میں بلڈ مون کہا جاتا ہے۔

یہ فلکیاتی منظر نہ صرف پاکستان بلکہ ایشیا، یورپ، افریقہ، آسٹریلیا، بحرالکاہل، مغربی شمالی امریکا، مشرقی جنوبی امریکا، بھارت، بنگلہ دیش، چین، جاپان اور سعودی عرب میں بھی دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق بلڈ مون ایک نادر مظہر ہے جو فلکیاتی دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے خاص کشش رکھتا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم صاف ہونے کی صورت میں اس شاندار نظارے سے ضرور لطف اندوز ہوں۔

Scroll to Top