ملک بھر میں سیلابی حالات کے باعث گزشتہ ہفتے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس (ادارۂ شماریات) کی تازہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 0.62 فیصد اضافے کے ساتھ 3.57 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے 18 بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جن میں ٹماٹر، آٹا، زندہ برائلر مرغی، آلو اور انڈے شامل ہیں۔ آٹے کا 20 کلوگرام تھیلا 198 روپے مہنگا ہو کر اوسطاً 1829 روپے میں فروخت ہوا۔
ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 18 روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد اوسط قیمت 140 روپے سے تجاوز کر گئی۔ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں بھی 15 روپے اضافہ ہوا اور اوسط نرخ 470 روپے سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ چینی معمولی اضافے کے ساتھ 181.59 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔
اسی عرصے میں بیف، لہسن، ایل پی جی، ملبوسات اور لکڑی کی قیمتوں میں بھی اضافہ نوٹ کیا گیا۔ اشیاء کی مہنگائی کی شرح کچھ یوں رہی: ٹماٹر 15 فیصد، آٹا 12 فیصد، مرغی 3.36 فیصد، آلو ڈیڑھ فیصد، اور انڈے تقریباً ایک فیصد تک مہنگے ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : ملک بھر کی موٹرویز میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق، اس ہفتے 6 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، جن میں دال ماش، مسور، چنے، کیلے، گھی اور پیاز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 27 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔