عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کے قرضہ پیکیج کی تیاری مکمل کر لی ہے جس کا مقصد معیشت کی بحالی، بنیادی شعبوں کی بہتری اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیکیج میں سے 20 ارب ڈالر رعایتی شرح سود پر فراہم کیے جائیں گے جن پر 2 فیصد شرح سود لاگو ہوگی۔
یہ فنڈز پاکستان کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز، غربت کے خاتمے اور غذائی قلت سے نمٹنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
باقی 20 ارب ڈالر نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مختص کیے گئے ہیں تاکہ کاروباری ماحول کو بہتر بنایا جا سکے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
عالمی بینک کے اس پیکیج کے تحت فراہم کردہ فنڈز کو تعلیم، زراعت، توانائی اور ٹرانسپورٹ جیسے اہم شعبوں میں صرف کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کریڈٹ کارڈز کے بڑھتے استعمال نے معیشت میں نیا رجحان قائم کر دیا
یہ قرضہ پیکیج نہ صرف پاکستان کی معاشی مشکلات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔