ترک صدر رجب طیب اردوان شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے 25 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچ گئے ہیں۔ یہ اردوان کا پانچ سال میں چین کا پہلا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کا عندیہ بھی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق، صدر اردوان چین میں دو روزہ اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے، جہاں باہمی تعلقات اور عالمی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے اس اجلاس میں 20 سے زائد ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے جن میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف، روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن، بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی، ازبکستان کے صدر شوکت میرضیایف، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر شامل ہیں۔
اجلاس کے دوران دوطرفہ اور کثیرالطرفہ ملاقاتوں کے ذریعے علاقائی اور عالمی مسائل پر غور و خوض کیا جائے گا۔ اس موقع پر اقتصادی تعاون، سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اور خطے میں امن و استحکام کے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اجلاس سے خطے میں تعاون کو فروغ ملے گا اور عالمی سطح پر متعدد چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے میں مدد ملے گی۔





