چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلیٰ سطحی اجلاس شروع ہوگیا ہے، وزیرِاعظم شہباز شریف عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچنے پر چینی صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا۔
اجلاس کے آغاز سے پہلے رکن ممالک کے سربراہان نے مشترکہ گروپ فوٹو سیشن میں شرکت کی، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزیراعظم شہبازشریف سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا جبکہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے نظریں چراتے ہوئے فاصلہ برقرار رکھا۔
اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال، پاک ترک دو طرفہ تعلقات اور سیاسی، اقتصادی و دفاعی شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سفارتی محاذ پر ناکامیوں کے بعد مودی حکومت چین سے متعلق سخت مؤقف میں نرمی لانے پر مجبور
ترک صدر نے پاکستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور پاکستانی عوام سے مکمل یکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔