پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کا باضابطہ آغاز

پاکستان اور آرمینیا کے درمیان سفارتی تعلقات کا باضابطہ آغاز

چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے دوران پاکستان اور آرمینیا نے سفارتی تعلقات قائم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمینیا کے وزیر خارجہ ارارات مرزویان کے مابین اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام سے متعلق مشترکہ اعلامیے کا تبادلہ کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ کے چارٹر سے اپنی وابستگی کی تجدید کی، معیشت، تعلیم، سیاحت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے اور آرمینیا کے وزیر خارجہ نے تیانجن میں ہونے والے اجلاس کے دوران سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے اور اس کی رسمی دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: میری حکومت پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا چین میں خطاب

ماضی میں پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں رکھے تھے جس کی ایک بڑی وجہ آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان تنازع تھا تاہم حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان نے آرمینیا کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

Scroll to Top