بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف کا پاک فضائیہ کے آپریشنز کا معائنہ

راولپنڈی: بحرین ڈیفنس فورس کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر عبداللہ النعیمی نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو بڑھانے اور مشترکہ تربیتی پروگراموں پر زور دیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل تھیاب صقر کو پاک فضائیہ کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ ائیر چیف نے بحرین اور پاکستان کے درمیان گہرے مذہبی و تاریخی تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ دونوں فریقوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم دہرایا۔

بحرین کے چیف آف اسٹاف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت اور تکنیکی ترقی کو سراہا اور ملٹی ڈومین وارفیئر میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی مقامی سازی کی کوششوں کو بھی خاص طور پر سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : معرکۂ حق: آئی ایس پی آر کا یوم دفاع و شہداء کا نیا پرومو جاری

دورے کے دوران معزز مہمان نے نیشنل آئی ایس آر، انٹیگریٹڈ ایئر آپریشن سینٹر اور پی اے ایف سائبر کمانڈ کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ ملاقات دونوں ممالک کے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

Scroll to Top