خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا قدم، افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی ایک بڑی کھیپ روانہ کر دی ہے۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا، جس کا مقصد حالیہ زلزلے سے متاثرہ افغان خاندانوں کی فوری مدد اور موسمی حالات سے بچاؤ ممکن بنانا ہے۔

امدادی سامان کی حوالگی کے سلسلے میں پشاور میں پی ڈی ایم اے ہیڈ کوارٹر پر ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر ریلیف، چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا، سیکریٹری ریلیف، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کو بھی تقریب میں شرکت کے لیے خوش آمدید کہا گیا۔

اس موقع پر حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان افغان قونصل جنرل کے حوالے کیا گیا، جس میں خیمے، ترپال، گدے، تکیے، رضائیاں، کمبل اور دواؤں کے ٹرک شامل تھے۔ حکام کے مطابق یہ سامان متاثرہ افراد کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے روانہ کیا گیا ہے تاکہ انہیں کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے کی اذیت سے بچایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مکمل بحالی تک تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ افغان قونصل جنرل نے خیبر پختونخوا حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امداد دونوں ممالک کے درمیان اخوت اور انسانی ہمدردی کے جذبے کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں : عیدِ میلاد النبیﷺ پر عام تعطیل کا اعلان

واضح رہے کہ حالیہ زلزلے نے افغانستان کے صوبہ کنڑ میں شدید تباہی مچائی ہے، جہاں اب تک تقریباً 1400 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور متعدد علاقے بنیادی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں۔

Scroll to Top