سینیئر صحافی حسن ایوب خان کو وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے 50 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے سینیئر صحافی حسن ایوب خان کو 50 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سایٹ ایکس پر سینیئر صحافی حسن ایوب خان نے اس بارے میں آگاہ کیا ۔

سینیئر صحافی اور تجزیہ نگار حسن ایوب خان نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کی تھی جس کے بعد انہیں یہ قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے ۔

 ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر سے جاری ہونے والے نوٹس میں نجی ٹی وی کے صحافی پر 25 اور 29 اگست کے درمیان نشر ہونے والے ٹاک شو، دی رپورٹرز کے دوران ہتک آمیز ریمارکس دینے کا الزام لگایا گیا ہے۔

نوٹس کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین کا تعلق ایک ’’باعزت اور معزز خاندان‘‘ سے ہے اور وہ صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں میں اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں اور ان کی ساکھ اور سیاسی کیریئر کو نقصان پہنچا ہے۔

صحافی کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق نوٹس کی کاپی وفاقی اور صوبائی سیکریٹری اطلاعات کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حسن ایوب خان نجی ٹی وی سے وابستہ ہیں اور آزاد ڈیجیٹل پر بھی باقاعدگی سے اپنے تجزیے اور خیالات کا اظہار کرتے رہتے ہیں ۔

Scroll to Top