شمالی وزیرستان میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیر انتظام ایک اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں علاقے کے معتبر مشران اور عمائدین نے شرکت کی۔
جرگہ سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کے لیے طلب کیا گیا تھا۔
جرگے میں جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے قبائلی عوام کی جانب سے فتنۂ الخوارج کے خلاف جنگ میں دی گئی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
جنرل آفیسر کمانڈنگ نے کہا کہ قبائلی عوام نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفاد میں قربانی دی ہے اور ان کے جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
جرگے کے شرکا نے علاقائی امن کے قیام میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ مستقبل میں بھی ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
عمائدین نے علاقے میں سیکیورٹی، ترقیاتی منصوبوں، اور انتظامی امور کی بہتری سے متعلق اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔
جی او سی میرانشاہ نے شرکاء کو یقین دلایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے تسلسل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ اور اتمانزئی جرگہ کے مابین مذاکرات کامیاب، میرعلی دھرنا ختم
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو ملک دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس میں قبائلی مشران کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔