گلیکسی S25 ایف ای کی حالیہ ریلیز کے بعد بھی سام سنگ کی جانب سے فلیگ شپ فونز کی دنیا میں پیش رفت کا سلسلہ نہیں رکا۔ اطلاعات کے مطابق کمپنی اب اپنے اگلے بڑے اسمارٹ فون، گلیکسی S26 الٹرا پر کام کر رہی ہے، جس کی ابتدائی جھلکیاں لیکس کے ذریعے سامنے آ چکی ہیں۔
معروف ٹیک لیکر ’یونیورسلز‘ نے اس ممکنہ ڈیوائس کے رینڈر شیئر کیے ہیں، جن میں ڈیزائن میں ہونے والی ہلکی مگر نمایاں تبدیلیاں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ اگرچہ پہلی نظر میں S25 الٹرا اور S26 الٹرا میں کوئی بڑا فرق محسوس نہیں ہوتا، تاہم نیا فون سائز میں کچھ مِلیمِیٹر بڑا بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گلیکسی S25 الٹرا کا سائز 162.8 ملی میٹر لمبائی اور 77.6 ملی میٹر چوڑائی پر مشتمل تھا، جبکہ S26 الٹرا کی ممکنہ پیمائش 163.4 ملی میٹر لمبا اور 77.9 ملی میٹر چوڑا ہو سکتا ہے۔ یعنی نیا ماڈل معمولی فرق کے ساتھ پہلے سے کچھ بڑا ہوگا، جس سے نہ صرف ہینڈ فیل بہتر ہوگا بلکہ فون کی موجودگی کا احساس بھی بڑھ جائے گا۔
ڈیزائن میں سب سے نمایاں فرق فون کے کناروں کا زیادہ گول ہونا ہے، جو کہ اسے نہ صرف دیدہ زیب بلکہ زیادہ پالشڈ اور پریمیئم بناتا ہے۔ یہ نئی شکل صارفین کو جدیدیت کے ساتھ بہتر گرفت بھی فراہم کر سکتی ہے۔
سام سنگ کے فلیگ شپ شیڈول کو دیکھتے ہوئے امکان ہے کہ گلیکسی S26 سیریز کو جنوری 2026 میں متعارف کرایا جائے گا۔ اگرچہ اس فون کی مکمل تکنیکی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں، تاہم موجودہ رینڈر یہ اشارہ دیتے ہیں کہ کمپنی اپنی ’الٹرا‘ سیریز کو اگلی سطح تک لے جانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغان قونصل جنرل کی زلزلہ متاثرین کے علاج کےلیے خیبر پختونخوا حکومت سے مدد کی اپیل
اگرچہ یہ معلومات لیکس پر مبنی ہیں اور حتمی نہیں کہی جا سکتیں، تاہم ماضی میں ’یونیورسلز‘ کی جانب سے جاری کردہ درست پیش گوئیوں کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ گلیکسی S26 الٹرا سام سنگ کا ایک اور طاقتور اور دلکش فلیگ شپ فون ثابت ہو سکتا ہے۔