خالصتان کی حمایت پر بھارت نے آسٹرین ماہر معاشیات کا ایکس اکاؤنٹ بلاک کردیا

بھارتی حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اس بار نشانے پر آسٹریا کے ماہرِ معاشیات گنتھر فیہلنگر جہان آئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، بھارت نے گنتھر فیہلنگر کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ اس وقت بلاک کیا جب انہوں نے خالصتان کی حمایت میں پوسٹ کرتے ہوئے نئی دہلی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر خالصتان کا ایک نقشہ شیئر کیا جس میں بھارت کے اندر سکھوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست دکھائی گئی تھی۔

اپنی پوسٹ میں گنتھر فیہلنگر نے نئی دہلی کو ختم کر کے بھارت کو ایکس انڈیا میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو روس کا نمائندہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو خالصتان نیٹ ورک کی حمایت کرنی چاہیے کیونکہ سکھوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔

اکاؤنٹ بلاک کیے جانے کے بعد آسٹرین ماہرِ معاشیات نے ایک اور پوسٹ میں بھارت کو آزاد دنیا کے لیے خطرہ قرار دیا اور عالمی سطح پر بھارت کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔

Scroll to Top