اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی علاقوں میں آئندہ 2 سے 6 گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم اور گردونواح میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث فضا میں ٹاورنگ کومولس بادلوں کا نظام قائم ہوا ہے جو بجلی گرنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا باعث بن سکتا ہے، اس نظام کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
اتھارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ ممکنہ طوفانی بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اور بعض علاقوں میں بجلی کی بندش کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور نشیبی علاقوں میں نہ جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: شانگلہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں صورتحال کے مطابق مزید ہدایات جاری کی جائیں گی۔