جلالپور پیروالا: چناب کے قریب بنائے گئے بند پر پانی کے دباؤ میں اضافے کے باعث بند ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
جس کے نتیجے میں سی پی او صادق علی ڈوگر نے شہر کو فوری طور پر خالی کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے مکانات چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔
سی پی او کے مطابق بند پر پانی کا دباؤ بہت زیادہ بڑھ چکا ہے اور بند کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے، لہٰذا شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پولیس مساجد میں اعلانات کر رہی ہے۔
ریسکیو آپریشن کے لیے 5 تھرمل ٹیکنالوجی ڈرونز اور 50 کشتیاں منگوائی گئی ہیں تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو جلد از جلد محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
صادق علی ڈوگر نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج رات تک پھنسے تمام افراد کو بچا لیا جائے گا۔ پاک فوج کو بھی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے طلب کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب میں بھارت کی جانب سے سیلاب سے متعلق نئی معلومات کے بعد اونچے درجے کا سیلاب الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چار ڈیم بنانا بہتر حل ہے، کالاباغ ڈیم کو چھوڑ دیں، گورنر خیبرپختونخوا
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر ہریکے زیریں اسٹریم اور فیروزپور زیریں اسٹریم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب ملتان کے شیر شاہ فلڈ بند کے اندر واقع درجنوں بستیوں میں کھڑے پانی کی وجہ سے مکانات گرنے لگے ہیں اور بارشوں کے باعث سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔





