شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں پاکستانی اسپنر محمد نواز نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک سمیت پانچ وکٹیں حاصل کیں اور میچ و سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
فائنل میں محمد نواز کی اسپن گیندیں افغان بیٹنگ لائن پر قہر بن کر ٹوٹیں، جہاں انہوں نے محض 19 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، جن میں سے تین شکار انہوں نے مسلسل تین گیندوں پر کر کے شاندار ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
نواز نے اپنی ہیٹ ٹرک کا آغاز 29 کے مجموعی اسکور پر درویش رسولی کو ایل بی ڈبلیو کر کے کیا، اگلی گیند پر عظمت اللہ عمرزئی وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ ہوئے، اور پھر اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر ابراہیم زادران کو اسٹمپ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
ہیٹ ٹرک کے بعد بھی محمد نواز کا جادو کم نہ ہوا۔ کریم جنت بغیر کوئی رن بنائے صرف دو گیندوں پر نواز کا شکار بنے، جبکہ افغانستان کے کپتان راشد خان 17 رنز بنا کر نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یوں نواز نے صرف 4 اوورز میں ایک میڈن سمیت 19 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
بولنگ کے ساتھ ساتھ محمد نواز نے بیٹنگ میں بھی اپنا کردار ادا کیا اور 25 رنز بنا کر پاکستان کے مجموعی اسکور 142 رنز تک پہنچانے میں اہم حصہ ڈالا۔
پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث افغان ٹیم 16ویں اوور میں صرف 66 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان نے یہ میچ 75 رنز کے واضح فرق سے جیت کر سیریز اپنے نام کی۔





