سلمان یوسفزئی
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے خیبرپختونخوا چیریٹیز ایکٹ 2025 منظور کرلیا ہے جو کہ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے پیش کیا۔
بل کے تحت صوبے میں موجود تمام فلاحی اداروں کو لازمی طور پر صوبائی چیریٹیز کمیشن کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہوگی، خواہ وہ پہلے کسی اور قانون کے تحت رجسٹرڈ ہوں۔
بل کے مطابق ہر خیراتی ادارہ مقررہ فیس ادا کر کے رجسٹریشن حاصل کرے گا اور جاری کیا گیا رجسٹریشن سرٹیفکیٹ دو سال کے لیے مؤثر ہوگا۔ اس مدت کے اختتام پر اداروں کو اپنی رجسٹریشن تجدید کرنی ہوگی جس کے لیے کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ تجدید فیس وصول کی جائے گی۔
بل کے بیان مقاصد و وجوہات میں کہا گیا ہے کہ اس ترمیم کا مقصد خیراتی اداروں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار واضح اور مربوط بنانا ہے تاکہ غیر فعال اداروں کو الگ کر کے فعال اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : لاپتہ افرادکیس سماعت،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا ملزم کی والدہ سے ملاقات اور معاوضہ دینے کا حکم
اس کے علاوہ اس ترمیم کے ذریعے کمیشن کو رجسٹریشن اور تجدید کی فیس مقرر کرنے کا اختیار دے کر اسے مالی طور پر خود مختار بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔