چنگان السوین کا نیا ماڈل لانچ، قیمت بھی سامنے آگئی

چنگان پاکستان نے اپنی مقبول سیڈان گاڑی “السُوین” کا نیا ماڈل متعارف کروا دیا ہے، جسے “بلیک سیریز” کا نام دیا گیا ہے۔

یہ ماڈل تین مختلف ویریئنٹس میں پیش کیا گیا ہے جن میں 1.3 لیٹر مینول کمفرٹ، 1.5 لیٹر ڈی سی ٹی کمفرٹ اور 1.5 لیٹر ڈی سی ٹی لومیئر شامل ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سیریز کا اندرونی ڈیزائن مکمل طور پر تبدیل کیا گیا ہے، جس میں سیاہ رنگ کی لیدر سیٹیں، دروازوں کی نئی ٹرمز، آرم ریسٹ اور ہیڈ لائنر شامل کیے گئے ہیں، تاکہ مسافروں کو زیادہ جدید اور آرام دہ احساس مل سکے۔

ڈی سی ٹی لومیئر ایڈیشن میں 10.4 انچ کا جدید انفوٹینمنٹ سسٹم دیا گیا ہے جو ایپل کار پلے، اینڈرائیڈ آٹو، اسکرین مررنگ، بلٹ اِن نیویگیشن اور ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم جیسی خصوصیات سے لیس ہے، جو کہ اس گاڑی کو اپنے طبقے میں ممتاز بناتی ہیں۔

بیرونی ڈیزائن میں بھی نئی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور اس سیریز کو چھ رنگوں میں پیش کیا گیا ہے جن میں دو نئے رنگ، سیلسٹیل ریڈ اور نیپچون بلیو، خاص طور پر شامل کیے گئے ہیں۔

کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ بلیک سیریز کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا اور اس کی تعارفی قیمت 40 لاکھ 39 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ صارفین کو دو سال تک مفت مینٹیننس کی سہولت اور دو لاکھ 75 ہزار روپے تک کی بچت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : موٹرسائیکل کے شوقین افراد کیلئے پریشان کن خبر

چنگان کا کہنا ہے کہ یہ نیا ماڈل صارفین کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ انٹری لیول سیڈان مارکیٹ میں صارفین کو ایک جدید اور پرکشش متبادل فراہم کیا جا سکے۔

Scroll to Top