پشاور : جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) پاکستان کے ترجمان اسلم غوری نے اسرائیل کے قطر پر فضائی حملے کو درندگی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک بھیڑیا بن چکا ہے جسے لگام دینا ہوگی۔
اسلم غوری نے حملے کے نتیجے میں حماس رہنماء خلیل الحیہ کی شہادت کو عالمی برادری کے منہ پر طمانچہ قرار دیا اور کہا کہ عالمی برادری خصوصاً امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کرکے اس قتل عام میں برابر کی شریک ہے۔
انہوں نے امت مسلمہ خصوصاً عرب ممالک کو خبردار کیا کہ اگر وہ یونہی خواب غفلت میں سوئے رہے تو باری باری اسرائیلی درندگی کا نشانہ بنتے رہیں گے۔
اسلم غوری نے عرب ممالک پر زور دیا کہ انہیں اس حملے کا بھرپور جواب دینا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : کالاباغ ڈیم بھاڑ میں جائے، ملک کے لیے چھوٹے ڈیم ضروری ہیں، شاہد آفریدی
مزید کہا گیا کہ مشکل گھڑی میں ہم حماس رہنماؤں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور اسرائیل کی جارحیت کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
جے یو آئی پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی اس ظالمانہ کارروائی کے خلاف موثر اور فوری اقدامات کرے۔