خیبرپختونخوا میں خصوصی نوجوانوں کے لیے کھیلوں کی جانب مثبت پیش رفت

پشاور : خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور پاکستان ٹینس فیڈریشن کی نگرانی میں وہیل چیئر ٹینس کے فروغ کے لیے جاری تربیتی پروگرام کے دوسرے سیشن کا انعقاد پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا۔

اس تربیتی سیشن کا مقصد خصوصی افراد کو بھی کھیل کے میدان میں دیگر کھلاڑیوں کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں اجاگر کر سکیں۔

سیشن کے موقع پر کراچی سے آئے ہوئے عبدالنعمان مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ اس موقع پر وہیل چیئر ٹینس کوآرڈینیٹر اور سینئر نائب صدر خیبر پختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن عمر ایاز خلیل، چیف کوچ ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس شفقت اللہ، کرکٹ کوچ پرویز خان، ٹیبل ٹینس کوچ افسر، اور کھلاڑی ثاقب عمر، حمزہ رومان اور اسرار گل بھی موجود تھے۔

سیشن میں صوبہ بھر سے نوجوان اتھلیٹس نے شرکت کی اور وہیل چیئر ٹینس کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے مفید تجاویز بھی پیش کیں۔

تربیتی سیشن میں پانچ لڑکیوں اور آٹھ لڑکوں نے شرکت کی، جنہیں کوچ نعمان، شہریار، ذاکر اور رومان گل کی نگرانی میں خصوصی تربیت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں : عوام بدامنی اور مہنگائی سے پریشان، حکومت کو صرف جلسوں کی فکر ہے، سردار حسین بابک

سیشن کے اختتام پر کھلاڑیوں کے درمیان نمائشی میچز بھی کرائے گئے، جسے شائقین نے خوب سراہا۔

منتظمین کے مطابق یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا تاکہ معذور افراد کو کھیلوں کے ذریعے معاشرے کا فعال رکن بنایا جا سکے۔

Scroll to Top