یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے صارفین کے لیے ایک منفرد سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت اب صارفین اپنی پرانی موٹر سائیکل مخصوص ڈیلرشپس پر جمع کروا کر نئی یاماہا بائیک حاصل کر سکتے ہیں۔
اس خصوصی ایکسچینج آفر کا مقصد نجی خرید و فروخت کے جھنجھٹ، خریدار تلاش کرنے، قیمت پر سودے بازی اور دیگر غیر یقینی مراحل سے صارفین کو نجات دلانا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس پیشکش کے ذریعے صارفین کو جدید، آرام دہ اور قابل اعتماد سواری کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے، تاکہ وہ پرانی موٹر سائیکل کے بدلے میں ایک بہتر متبادل حاصل کر سکیں۔
تاہم اس سہولت کا دائرہ فی الحال چند مخصوص ڈیلرشپس تک محدود ہے، اور صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قدم سے پہلے اپنی قریبی ڈیلرشپ سے دستیابی کی تصدیق ضرور کر لیں۔
یاماہا موٹر پاکستان نے اس اعلان کے ساتھ اپنی کاروباری پالیسی میں اہم تبدیلی کا انکشاف بھی کیا ہے۔ کمپنی نے بتایا ہے کہ پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی مقامی مینوفیکچرنگ کو بند کیا جا رہا ہے، اور یہ فیصلہ کاروباری حکمت عملی میں تبدیلی کے تحت کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : گھریلو صارفین کے لیے نئےگیس کنکشن کا حصول اب آسان، مکمل طریقہ سامنے آ گیا
کمپنی نے صارفین کی طویل مدتی وفاداری اور اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نئی پالیسی کے باوجود یاماہا صارفین کو بہتر خدمات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔





