خیبرپختونخواحکومت افغان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان میں تعینات افغانستان کے قائم مقام سفیر سردار احمد شکیب سے اسلام آباد میں افغان سفارتخانے میں ملاقات کی۔

اس موقع پر مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف اور رکن قومی اسمبلی فیصل امین گنڈاپور بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے حالیہ افغان زلزلے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔

افغان قائم مقام سفیر سردار احمد شکیب نے مشکل وقت میں مدد اور یکجہتی کے اظہار پر خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اماراتِ اسلامیہ افغانستان، پاکستانی بھائیوں کی اس خیرسگالی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، امن و استحکام، افغان مہاجرین کو درپیش مسائل اور واپسی کے مراحل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر زور دیا کہ علاقائی امن کے لیے مذاکرات اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت افغانستان کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادہ ہو چکی ہے اور ہمیں امید ہے کہ اس سمت میں مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیںاور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ سے عوامی خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیاکپ:پاکستان نے عمان کو شکست دیدی

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ خیبرپختونخوا حکومت وطن واپس جانے والے افغان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وفاقی سطح کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔

Scroll to Top