یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے صارفین کیلئے ایک خصوصی ایکسچینج آفر متعارف کرائی ہے، جس کے تحت بائیک مالکان اپنی پرانی موٹرسائیکل منتخب ڈیلرشپس پر جمع کرا کر بالکل نئی یاماہا موٹر سائیکل حاصل کر سکتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سکیم صارفین کو خریدار تلاش کرنے، قیمت پر سودے بازی کرنے اور پرائیویٹ سیل کے غیر یقینی عمل سے بچانے کیلئے ترتیب دی گئی ہے، تاکہ صارفین ایک آسان، تیز اور محفوظ طریقے سے نئی موٹرسائیکل میں اپ گریڈ کر سکیں۔
نجی ٹی وی چینل (24نیوز)کے مطابق یاماہا موٹر پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ آفر خاص طور پر ان صارفین کے لیے مفید ہے جو زیادہ پائیداری، اسٹائل، اور آرام دہ سواری کے خواہاں ہیں۔ تاہم یہ آفر صرف محدود ڈیلرشپس پر دستیاب ہوگی، اس لیے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیلرشپ کا دورہ کرنے سے پہلے دستیابی کی تصدیق ضرور کر لیں۔
یاد رہے کہ اسی ہفتے یاماہا موٹر پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے مقامی سطح پر موٹر سائیکل کی تیاری بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی نے نئی بزنس پالیسی کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے اور ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں اپنے صارفین کا شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے برسوں تک یاماہا پر اعتماد اور وفاداری کا اظہار کیا۔