گورنر فیصل کریم کا بونیر دورہ، اصل امتحان گھروں اور کاروبار کی بحالی ہے

بونیر: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران گورنر نے انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کی جانب سے فلٹریشن پلانٹس اور موبائل ہیلتھ یونٹس کا افتتاح کیا اور متاثرین میں امدادی اشیاء تقسیم کیں۔

گورنر کو ڈپٹی کمشنر آفس بونیر میں سیلاب کے نقصانات اور امدادی کاموں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے خیبرپختونخوا بوائز اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور ہلال احمر کی ٹیموں سے ملاقات کی اور ان کے جذبہ خدمت کو سراہا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے پاک فوج، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے سیلاب زدگان کی امداد میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اصل امتحان اب متاثرہ گھروں اور کاروبار کی بحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ کی پیشگی اطلاع کے لیے ابھی کوئی مؤثر میکانزم وضع نہیں ہوا، جس پر کام جاری ہے۔

گورنر نے شہید استاد ظہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جان پر کھیل کر متاثرین کی جانیں بچائیں اور خود شہید ہوگئے۔ انہوں نے شہید استاد ظہور سمیت سیلاب متاثرین کو بچانے والوں کے لیے وفاقی حکومت سے ایوارڈ کی سفارش کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: پاک بھارت میچ کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کی جانب سے بھارتی رافیل گرانے کے چرچے

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے کام تیزی سے شروع ہو چکے ہیں اور حالات جلد بہتر ہوں گے۔ گورنر نے قوم کو متحد ہو کر ہر آزمائش کا مقابلہ کرنے کا پیغام دیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے بجلی کے بل ایک ماہ کے لیے معاف کر دیے ہیں اور متاثرین کو بے نظیر انکم سپورٹ کے ذریعے بھی مالی سہارا دیا جائے گا۔

Scroll to Top