نہ کرکٹ بچا سکے گی، نہ فلمیں، بھارت کی اصلیت دنیا کے سامنے عیاں ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کی حالیہ حرکات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کرکٹ اور میڈیا کے ذریعے جو تماشے لگا رہا ہے، وہ دراصل بین الاقوامی سطح پر ہونے والی ذلت اور ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوششیں ہیں۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت کرکٹ کو اس نہج پر لے آئے گا، یہ کسی نے سوچا نہ تھا۔

حالیہ تنازع میں بھارت کو جو بین الاقوامی سطح پر شرمندگی اور ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کی تلافی اس طرح کی گھٹیا کوششوں سے نہیں ہو سکتی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر داخلہ محسن نقوی اور طلال چوہدری کی شہید کیپٹن تیمور حسن کے گھر آمد، تعزیت اور خراجِ عقیدت

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاک افواج کے ہاتھوں لگنے والے زخم، طاقتور رافیل طیاروں سمیت انڈین ایئر فورس (IAF) کے جہازوں کا نقصان اور بالاکوٹ ناکامی جیسے واقعات بھارت کے لیے آج بھی ایک تلخ حقیقت ہیں، جنہیں سستے میڈیا ڈراموں سے چھپایا نہیں جا سکتا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے لیکن ملکی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ دشمن کو ہر محاذ پر جواب دیا جائے گا، خواہ وہ سرحد ہو یا سفارتی میدان۔

Scroll to Top