نواز شریف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے لندن روانہ

نواز شریف غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے لندن روانہ

ن لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف ایک غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے لندن روانہ ہو گئے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق نواز شریف کی روانگی آج صبح جاتی امرا رائیونڈ سے ہوئی، جہاں سے وہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے اور وہاں سے قطر ایئرویز کی پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی روانگی سے قبل جاتی امرا میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔ لندن میں ان کے قیام کا دورانیہ تقریباً دو ہفتے متوقع ہے، جس دوران وہ اپنا معمول کا طبی معائنہ بھی کروائیں گے۔

یاد رہے کہ نواز شریف کو حالیہ دنوں گردن اور پٹھوں میں درد کی شکایات تھیں، جس پر انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں اپنا چیک اپ کروایا تھا۔ اس دوران ان کی ایم آر آئی اسکین بھی کی گئی تھی۔

یہ نواز شریف کا رواں برس دوسرا دورۂ لندن ہے۔ اس سے قبل وہ جون 2025 میں بھی نجی دورے پر لندن گئے تھے، جہاں انہوں نے پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں کے علاوہ طبی معائنہ بھی کروایا تھا۔

اگرچہ پارٹی ذرائع اس دورے کو نجی اور طبی معائنے کے حوالے سے بیان کر رہے ہیں، مگر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ لندن میں بعض اہم سیاسی مشاورتیں بھی ہو سکتی ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں معاشی دباؤ اور سیاسی غیر یقینی صورتحال بڑھ رہی ہے۔

نواز شریف نے 2023 کے آخر میں وطن واپسی کے بعد عملی سیاست میں دوبارہ قدم رکھا، تاہم وزارت عظمیٰ کے امیدوار کے طور پر ان کا نام مؤخر کیا گیا اور ان کے بھائی شہباز شریف نے دوبارہ وزارت عظمیٰ سنبھالی۔

Scroll to Top