پاکستان کے مقبول سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کے چھوٹے بھائی عمر شاہ انتقال کر گئے ہیں۔ یہ افسوسناک خبر احمد شاہ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے سامنے آئی، جس میں عمر شاہ کے لیے دعائے مغفرت کی اپیل کی گئی۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا گیا’’ہمارے خاندان کا ننھا چمکتا ستارہ عمر شاہ خالقِ حقیقی سے جا ملا ہے۔’’احمد شاہ کے اہلِ خانہ کی جانب سے عمر شاہ کے انتقال کی وجہ تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔ تاہم اس سانحے نے ان کے مداحوں، چاہنے والوں اور سوشل میڈیا صارفین کو گہرے غم اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
رمضان نشریات کا پیارا چہرہ عمر شاہ اپنے بھائی احمد شاہ کے ہمراہ نجی ٹی وی چینلز کی رمضان ٹرانسمیشنز میں باقاعدگی سے شرکت کرتے تھے۔ وہ اپنی معصوم مسکراہٹ، معصومیت بھری باتوں اور شرارتی انداز کی بدولت لاکھوں دلوں پر راج کرتے تھے۔ ان کے کئی ویڈیوز اور کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں، جن میں ان کی بے ساختہ معصومیت نے لوگوں کو مسکرانے پر مجبور کر دیا۔
مداحوں کا اظہارِ افسوس عمر شاہ کے انتقال کی خبر منظرعام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ہزاروں صارفین نے ان کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی ہے۔
معصوم چہرہ، پیاری یادیںعمر شاہ اپنی کم عمری کے باوجود پاکستانی سوشل میڈیا پر ایک جانا پہچانا چہرہ بن چکے تھے۔ ان کا معصوم چہرہ، بے ساختہ ہنسی اور محبت بھرا انداز ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔