اگر پرانی طرز کی کرکٹ ہی کھیلنی تھی تو اتنی تبدیلیاں کیوں کیں؟ شعیب ملک کا قومی ٹیم پر کڑا تنقید

اگر پرانی طرز کی کرکٹ ہی کھیلنی تھی تو اتنی تبدیلیاں کیوں کیں؟ شعیب ملک کا قومی ٹیم پر کڑا تنقید

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے حالیہ انٹرویو میں قومی ٹیم کی کارکردگی اور حکمت عملی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر آپ نے پرانی طرز کی کرکٹ ہی کھیلنی تھی تو ٹیم میں اتنی تبدیلیاں کیوں کیں؟ انہیں کیوں نکالا؟‘‘

سابق کرکٹر شعیب ملک نے کہا کہ ’’اگر آپ نے اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کا منصوبہ بنایا تھا تو پھر اُسی انداز میں کھیلیں، آدھا تیتر آدھا بٹیر والی حکمت عملی سمجھ سے بالاتر ہے۔ اگر پرانی طرز کی کرکٹ ہی کھیلنی ہے تو پھر ان کھلاڑیوں کو کیوں باہر کیا جن سے اسٹرائیک ریٹ بہتر کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا؟‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’’پہلے تو بہت زور دیا گیا کہ ہمیں جدید کرکٹ کھیلنی ہے، تبدیلیاں کی گئیں، نوجوان کھلاڑی لائے گئے، لیکن اگر گیم پلان وہی پرانا رکھنا ہے تو پھر یہ سب کچھ کیوں کیا گیا؟‘‘

دوسری جانب شعیب ملک کے بیان پر سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرؤف نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’شعیب ملک جس فارمولے پر تنقید کر رہے ہیں، خود انہوں نے اسی حکمت عملی کے تحت 25 سال کرکٹ کھیلی۔ اب وہی فارمولا موجودہ کھلاڑیوں پر فٹ نہیں بیٹھ رہا؟‘‘

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں قومی ٹیم کی کارکردگی، انتخابی پالیسیوں اور گیم پلان پر کرکٹ حلقوں اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے مسلسل سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top