پشاور ائیرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، عمرہ ویزے پر غیر قانونی ملازمت کے لیے جانے والے 16 مسافر آف لوڈ

پشاور :ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں سعودی عرب جا کر غیر قانونی طور پر ملازمت کرنے کی کوشش کرنے والے 16 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

 حکام کے مطابق یہ تمام افراد سعودی عرب جانے کے لیے عمرہ ویزہ استعمال کر رہے تھےتاہم تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ ان کا اصل مقصد روزگار حاصل کرنا تھا جو امیگریشن قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

آف لوڈ کیے گئے تمام افراد کم عمر تھے اور اکیلے سفر کر رہے تھے، ان کے پاس عمرہ کے طریقہ کار یا مناسک سے متعلق کوئی بنیادی معلومات بھی موجود نہیں تھیں جس سے ان کی نیت پر مزید شکوک پیدا ہوئے۔

گرفتار افراد کے قبضے سے سفری اخراجات کے طور پر صرف 50 سے 200 سعودی ریال فی کس برآمد ہوئے۔

تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا کہ ان تمام افراد نے کرک سے تعلق رکھنے والے ابرار نامی ایک ایجنٹ کو فی کس 3 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ،شیڈول جاری،مانیٹرنگ افسران تعینات

حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا ہے۔

Scroll to Top