راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بانڈی میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو صفائی آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت پاک فوج کے 5 جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ واقعہ 15 ستمبر 2025 کو پیش آیا جب سیکیورٹی فورسز کا دستہ شیر بانڈی کے علاقے میں معمول کے کلیئرنس آپریشن کے لیے روانہ تھا۔
دورانِ سفر سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم کے دھماکے نے پانچ جوانوں کی قیمتی جانیں لے لیں۔
شہداء کے نام اور تعلقات کیپٹن وقار احمد (عمر 25 سال) ضلع لورالائی، نائیک عصمت اللہ (عمر 35 سال) ضلع ڈیرہ غازی خان،لانس نائیک جنید احمد (عمر 29 سال) ضلع سوئی، سپاہی خان محمد (عمر 29 سال) ضلع مردان ، سپاہی محمد ظہور (عمر 28 سال) —ضلع صوابی سے تھا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں فالو اپ سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا، جس کے دوران بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ علاقے میں باقی ماندہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم عناصر کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر افسروں اور جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر ملک سے بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔