پشاور: خیبرپختونخوا میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر صوبائی حکومت نے ای وی چارجنگ سٹیشنز کے قیام کا اہم منصوبہ حتمی شکل دے دی ہے۔
ابتدائی طور پر ایم ون موٹروے، پشاور، نوشہرہ اور ایبٹ آباد میں جدید چارجنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے میں چین کی متعدد نجی کمپنیاں سرمایہ کاری کریں گی، جبکہ مقامی سرمایہ کاروں کو بھی شراکت داری کی دعوت دی گئی ہے۔
محکمہ توانائی اور ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ یہ انفراسٹرکچر صوبے میں الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ناگزیر ہو چکا ہے۔
یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرے گا بلکہ تیل کی درآمدات پر انحصار کو بھی کم کرے گا، جس سے صوبے کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹانک کے سب ڈویژن جنڈولہ میں سکیورٹی خدشات کے باعث کرفیو نافذ
وفاقی وزارت توانائی بھی اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہی ہے اور تمام انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔
تکمیل کے بعد خیبرپختونخوا پاکستان کا پہلا صوبہ بن جائے گا جہاں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے مربوط اور منظم چارجنگ نظام موجود ہوگا۔





