شہزاد نوید
سوات : سوات میں ڈپٹی کمشنر سلیم جان مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کی زیر صدارت سوات قومی امن پاسون کے مشران و علاقائی عمائدین کا اہم جرگہ منعقد ہوا۔
اس موقع پر ضلع کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور دیگر اہم امور زیرِ بحث آئے۔
جرگہ میں سرکردہ رہنماؤں حاجی زاہد خان، خورشید کاکاجی، عبدالجبار، صلاح الدین، محمد اقبال بالے، شیر شاہ خان، جاوید بھائی جان، شیر بہادر ایڈوکیٹ اور دیگر معزز افراد نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے مشران کو خوش آمدید کہا اور علاقے میں امن و امان کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایک آواز بن کر کام کرنا ہوگا اور کسی قسم کی سہولت کاری برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے بتایا کہ پولیس حساس علاقوں میں گشت بڑھا رہی ہے، نفری اور ناکے بھی بڑھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مشران سے تعاون کی اپیل کی تاکہ امن کے دشمنوں کا قلع قمع ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : جدید ترین سیٹلائٹ، پاکستان نے بڑی کامیابی حاصل کرلی
مشران نے سوات پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اعلان کیا کہ آئندہ ایک ماہ تک کوئی احتجاج نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی یا مقامی احتجاج کرنے والوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ وہ ان کی حمایت کریں گے۔
مشران نے دہشت گردوں کو خبردار کیا کہ وہ فوراً علاقے چھوڑ دیں اور عوام کو پُرامن رہنے دیں ورنہ سخت کارروائی کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے اپنے علاقوں میں امن قائم رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کا عزم بھی ظاہر کیا۔





