خان پور ڈیم میں پانی کی سطح بلند، سپل ویز ہنگامی طور پر کھول دیے گئے

خان پور: مون سون بارشوں کے باعث خان پور ڈیم میں سیلابی پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں پانی کی سطح ایک بار پھر خطرے کی حد کو چھونے لگی ہے۔

ڈیم انتظامیہ کے مطابق خان پور ڈیم میں پانی کی سطح 1981.95 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جو کہ مقررہ بلند ترین حد 1982 فٹ سے محض 0.05 فٹ کم ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر ڈیم کے سپل ویز کو سولہویں مرتبہ ہنگامی بنیادوں پر کھول دیا گیا ہے تاکہ اضافی پانی کو محفوظ طریقے سے خارج کیا جا سکے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ اس وقت ڈیم سے 7500 کیوسک پانی کا اخراج ندی ہرو کے راستے دریائے سندھ میں کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ٹماٹر کی قیمت نے نئی حد عبور کر لی، فی کلو نرخ 400 روپے کے قریب پہنچ گئے

مسلسل بارشوں اور پانی کے بہاؤ کو مدِنظر رکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔

محکمہ آبپاشی اور ضلعی حکام نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ خطرے کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

Scroll to Top