عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے میری اور میرے خاندان کی سکیورٹی واپس لے لی۔
تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اور ان کے خاندان کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔ ایمل ولی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اگر انہیں یا ان کے خاندان کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار وفاقی حکومت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے اور جو بھی ان کے راستے میں رکاوٹ بنے گا، اس کے لیے تیار ہیں۔ ایمل ولی نے مزید بتایا کہ اب وہ نجی سکیورٹی کے ساتھ زیادہ محفوظ انداز میں سفر کریں گے۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے بھی ان کے تمام سکیورٹی اہلکار واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس پر انہوں نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا، ’’یہ کیا مذاق ہے۔‘‘
ایمل ولی کے اس بیان نے سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔