پاکستان میں سپرمون کب دیکھا جا سکے گا؟ اسپارکو نے بتا دیا

پاکستان میں سپرمون کب دیکھا جا سکے گا؟ اسپارکو نے بتا دیا

پاکستان کے خلائی اور بالا فضائی تحقیقاتی ادارے اسپارکو نے اعلان کیا ہے کہ سال کا پہلا سپرمون (Supermoon) 7 اکتوبر 2025 کو آسمان پر دکھائی دے گا۔ ترجمان اسپارکو کے مطابق یہ سپرمون عام چاند سے نہ صرف بڑا بلکہ زیادہ روشن بھی ہوگا۔

یہ سپرمون منگل کی رات 8 بجکر 47 منٹ پر طلوع ہوگا اور سورج کے غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق کی سمت سے نمودار ہوگا۔ اس خوبصورت منظر کو طلوع آفتاب سے پہلے مغرب کی سمت میں غروب ہوتے دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین کے مطابق اکتوبر کا سپرمون عام چاند سے تقریباً 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن ہوگا، جسے کھلے آسمان کے نیچے بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

اسپارکو نے بتایا کہ سال 2025 میں کل تین سپرمون نظر آئیں گے:
پہلا 7 اکتوبر
دوسرا 5 نومبر
تیسرا 5 دسمبر
ان میں نومبر کا سپرمون سب سے زیادہ روشن ہوگا۔سپرمون اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین کے انتہائی قریب ہوتا ہے، جس کی وجہ سے یہ اپنی عام حالت سے بڑا اور زیادہ چمکدار نظر آتا ہے۔

ماہرین فلکیات شہریوں کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ اس نایاب فلکی منظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے کھلے آسمان تلے چاند کی خوبصورتی ضرور دیکھیں۔ یہ موقع قدرتی خوبصورتی کے شیدائیوں کے لیے خاص تحفہ ثابت ہوگا۔

Scroll to Top