مینا خان آفریدی کا بڑا اقدام!شفافیت اولین ترجیح، ٹانک کی سڑکوں کے ٹینڈر اشتہار کی فوری منسوخی

مینا خان آفریدی کا بڑا اقدام!شفافیت اولین ترجیح، ٹانک کی سڑکوں کے ٹینڈر اشتہار کی فوری منسوخی

خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات مینا خان آفریدی نے شفافیت اور اصول پسندی کی عملی مثال قائم کر دی۔ انہوں نے ٹانک کی سڑکوں کی مرمت کے لیے جاری کیے گئے ٹینڈر اشتہار کو محض ایک دن میں منسوخ کر دیا۔

یہ ٹینڈر ایسے منصوبوں کے لیے جاری کیا گیا تھا جن میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی واضح ہدایات کو نظر انداز کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کسی بھی منصوبے کو شخصی نام سے جاری کرنے پر سخت پابندی عائد کر رکھی ہے، جس کی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا گیا۔

وزیر مینا خان آفریدی کے مطابق مذکورہ اشتہار اُس وقت جاری ہوا جب محکموں کے قلمدان میں تبدیلی ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ٹینڈر کا اجرا قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کیا گیا، جس کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ شفافیت موجودہ صوبائی حکومت کا بنیادی اصول ہے، اور کسی بھی شخصی مفاد یا اثر و رسوخ کی بنیاد پر کوئی منصوبہ نہ تو منظور کیا جائے گا اور نہ ہی اس پر عملدرآمد ہوگا۔

مینا خان آفریدی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات بالکل واضح ہیں، اور ہر منصوبے کو عوامی فلاح، شفافیت اور قانون کے دائرے میں لا کر مکمل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر کے اس اقدام کو سیاسی و عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے اور اسے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے جو سرکاری معاملات میں شفافیت اور احتساب کے فروغ کی جانب اشارہ کرتا ہے۔

Scroll to Top