بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، سلمان اکرم

بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں، سلمان اکرم

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عدالت نے وزیراعلیٰ کے حلف اٹھانے کو روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے، جس سے آئین کے دشمنوں کی ایک اور کوشش ناکام ہوئی ہے۔

یہ بات انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے دیگر رہنما جنید اکبر اور سلمان اکرم راجہ نے بھی سیاسی صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج جمہوریت کی فتح ہوئی ہے اور نئی حکومت قائم ہوگی، جبکہ وزیراعلیٰ حلف اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا’’ہم بانی پی ٹی آئی کے کارکن ہیں، ہمیں کسی کا خوف نہیں۔ ہم عوام اور قانون کی پاسداری کے لیے ہر میدان میں لڑیں گے۔‘‘

انہوں نے امن و امان کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی تحریک انصاف بے گناہ جیل میں ہیں اور جبر کو ختم کرنا ہمارا مشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا’’بانی پی ٹی آئی کی آزادی ہم سب کی آزادی ہے۔‘‘

سلمان اکرم راجہ نے موجودہ اسمبلی کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اسمبلی کو 26ویں آئینی ترمیم کا اختیار حاصل نہیں تھا کیونکہ یہ فارم 45 کی اسمبلی ہے، جس میں جبری طور پر لوگوں کو اغوا کر کے ترمیم کروائی گئی جو کہ شرمناک عمل ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ آئین کی ایک شکل موجود ہے اور ہمیں اسی کے تحت کام کرنا ہوگا، کیونکہ آج عدالتیں بھی 26ویں آئینی ترمیم کے تحت فیصلے دے رہی ہیں۔

اس موقع پر جنید اکبر نے کہا کہ مشکل حالات میں پی ٹی آئی متحد رہی ہے اور وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا’’یہ ادارے ہمارے ہیں، یہ ملک سب کا ہے، سیاست آتی جاتی ہے۔ ہم مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔‘‘

جنید اکبر نے کہا کہ آئین کے تحت چلنا ہمارا نصب العین ہے اور ہم مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 22 بڑے اور ہزاروں چھوٹے آپریشنز کے باوجود مسئلہ حل نہیں ہو پایا، لہٰذا سیاسی اتفاق رائے اور آئینی عمل کو ترجیح دینا ہوگی۔

Scroll to Top