بابر اعظم کا مداح سٹار بلے باز سے ملنے کی خواہش میں ڈریسنگ روم پہنچ گیا

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کے ایک پرجوش مداح نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کی خواہش میں تمام حدیں پار کر دیں، نوجوان بغیر اجازت قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم تک جا پہنچا۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر صارفین مختلف انداز میں تبصرہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان مداح بابر اعظم کے قریب جانے کی کوشش کرتا ہے، تاہم اسپن بولنگ کوچ عبدالرحمان فوری طور پر اُسے پیچھے ہٹنے کو کہتے ہیں۔

اسی دوران سیکیورٹی اہلکار حرکت میں آتے ہیں اور نوجوان کو ڈریسنگ روم سے باہر نکال دیا جاتا ہے۔

یہ واقعہ جہاں ایک طرف مداح کے خلوص اور جنون کی مثال بنا، وہیں سیکیورٹی پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی پر بھی سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

ٹیم منیجمنٹ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان اس وقت بھارت کی پراکسی بنے ہوئے ہیں، سیز فائر زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گا، خلاف ورزی پر بھرپور جواب دیں گے، وزیرِ دفاع

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے نوجوان کے جذبے کو محبت کی انتہا قرار دیا، جبکہ دیگر نے اس عمل کو خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیتے ہوئے سخت سیکیورٹی انتظامات کا مطالبہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحقیقات کے بعد اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ مداح سیکیورٹی حصار توڑ کر ڈریسنگ روم تک کیسے پہنچا۔ کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Scroll to Top