پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے دلہ زاک روڈ، غریب آباد میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث مقامی شہری شدید پریشانی اور خوف و ہراس کا شکار ہیں۔
تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں واقع اس علاقے میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں حالیہ دنوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے نہ صرف انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں بلکہ گھروں میں نصب قیمتی سولر پینلز بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر رات گئے ہوائی فائرنگ معمول بن چکی ہے، جس سے بچوں، خواتین اور بزرگوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔
شہریوں نے نشاندہی کی کہ کئی گھروں کے سولر پینلز میں گولیاں لگنے سے سراخ بن چکے ہیں، جس سے ان کی کارکردگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے حادثاتی وزیراعلیٰ نے قومی اجلاس میں شرکت کیوں نہ کی؟ اختیار ولی برس پڑے
شہریوں کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ماضی میں ہوائی فائرنگ کے تدارک کے لیے متعدد اقدامات اور آگاہی مہمات چلائی گئیں، تاہم یہ سب غیر مؤثر ثابت ہوئے ہیں اور صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
اہلِ علاقہ نے حکومت ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہوائی فائرنگ کے ان واقعات کا فوری اور سنجیدہ نوٹس لیں، ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں گشت اور نگرانی کو مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کی قیمتی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔





