اگر کوئی ہمارے اوپر حملہ کرے گا تو اس کا ادھار نہیں رکھیں گے، رانا ثنا اللّٰہ

اگر کوئی ہمارے اوپر حملہ کرے گا تو اس کا ادھار نہیں رکھیں گے، رانا ثنا اللّٰہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹر رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان کسی پر جارحیت کا ارادہ نہیں رکھتا، لیکن اگر ہم پر حملہ کیا گیا تو اس کا ادھار نہیں رکھا جائے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ پاکستان کی قومی پالیسی واضح ہے کہ ہم پرامن ملک ہیں، مگر اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سیاست کے فروغ کی داعی رہی ہے، کسی سیاسی جماعت پر پابندی کی حامی نہیں، تاہم پنجاب حکومت نے وفاق کو ایک مذہبی جماعت پر پابندی کے لیے باضابطہ درخواست دی ہے جس پر فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

سابق وفاقی وزیرِ داخلہ نے افغان صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایک طرف ہمارے جوانوں کو شہید کیا جائے اور دوسری جانب مذاکرات کی بات ہو تو یہ دوہرا معیار ہے۔ ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیاں بند کی جائیں، تب ہی کسی بامعنی مذاکرات کا آغاز ممکن ہو گا۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ گزشتہ 40 برس سے دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کیے جاتے رہے ہیں مگر کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’’گڈ اور بیڈ طالبان‘‘کی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی اور تعاون کا رویہ اپنایا، مگر بدقسمتی سے اُس طرف سے ہمیشہ تکلیف پہنچی ہے۔ ہم مزید اپنے پیاروں اور سکیورٹی اہلکاروں کے جنازے اٹھانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

Scroll to Top