سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پکتیکا میں کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب خارجی سمیت 70 سے زائد خوارج ہلاک ہوئے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق 17 اکتوبر کی شب افغانستان کے صوبہ پکتیکا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گل بہادر گروپ کے خلاف ایک بھرپور اور مؤثر کارروائی کی گئی جس میں متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اس کارروائی کے نتیجے میں 70 سے زائد خوارج ہلاک ہوئے جن میں کئی اہم اور انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ شامل ہیں۔
ہلاک ہونے والوں میں خارجی فرمان عرف الکرامہ، صدیق اللہ داوڑ، غازی مداخیل، مقرب، قسمت اللہ، گلاب عرف دیوانہ، رحمانی، عادل، فضل الرحمان، عاشق اللہ عرف کوثر اور یونس شامل ہیں، ان تمام کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا جو پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد بڑی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، ہلاک ہونے والا خارجی فضل الرحمان، گل بہادر کا قریبی رشتہ دار بتایا جاتا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ عناصر افغانستان سے پاکستان میں داخل ہو کر دہشت گرد حملے کرتے رہے ہیں، کارروائی سے پہلے 17 اکتوبر کو ہی اس گروپ نے شمالی وزیرستان میں ایک ناکام حملہ کیا جس کے نتیجے میں تین خواتین، دو بچے اور ایک جوان شہید ہوئے۔
حکام کے مطابق خفیہ معلومات پر کی جانے والی اس کارروائی میں گل بہادر گروپ کو بھاری نقصان پہنچا ہے اور اس میں ان کے کئی کلیدی کمانڈر مارے گئے ہیں





