پاکستان اور افغانستان فوری جنگ بندی پر راضی ہوگئے، قطری وزارت خارجہ

پاکستان اور افغانستان نے قطر اور ترکی کی ثالثی میں دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے۔

مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف شریک ہوئے جبکہ دونوں فریقین نے مستقل اور پائیدار امن قائم کرنے کے لیے ایک مربوط میکانزم بنانے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

دونوں ممالک نے آنے والے دنوں میں فالو اپ اجلاس منعقد کرنے کا بھی عزم کیا تاکہ جنگ بندی کی پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کے نفاذ کی مکمل تصدیق کی جا سکے۔

قطری وزارت خارجہ نے امید ظاہر کی کہ یہ اہم قدم دونوں بھائی ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے اور خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

یاد رہے 11 اور 12 اکتوبر کی شب افغان طالبان کی طرف سے بلا اشتعال اور یکطرفہ فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور اور جارحانہ جواب دیا۔

اس کارروائی میں 200 سے زائد افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج نے متعدد افغان چوکیوں پر قبضہ کر لیا، دہشتگردوں کی کئی تنظیمیں تباہ کی گئیں اور افغان طالبان کا ایک چلتا ہوا ٹینک بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: افغان مسئلے کا پائیدار حل مشترکہ جرگے اور مقامی قیادت کے مشورے سے ممکن ہے، حاجی غلام علی

15 اکتوبر کو پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان سیز فائر کا معاہدہ ہوا جس کی مدت کل شام چھ بجے ختم ہوئی تھی لیکن بعد میں اس میں مزید توسیع کر دی گئی تھی۔

Scroll to Top