پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت کرتے ہوئے دونوں ممالک نے سیز فائر پر اتفاق کر لیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان اور افغانستان معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے، پاکستان میں دہشتگردی کا سلسلہ اب فوری بند ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ استنبول میں 25 اکتوبر کو دوبارہ وفود کی ملاقات ہو گی جہاں تفصیلی بات چیت ہوگی، انہوں نے ترکی اور قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ملکوں کے تعاون کے لیے شکر گزار ہیں۔
قطری وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان اور افغانستان نے ترکی اور قطر کی ثالثی میں جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، یہ فیصلہ دوحہ میں جاری مذاکرات کے دوران طے پایا۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا پہلا دور 13 گھنٹے تک جاری رہا جس میں دونوں ممالک نے پائیدار امن قائم کرنے کے لیے ایک موثر میکنزم بنانے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کو آگے بڑھنا ہے تو دوحہ معاہدے پر عمل کرنا ہوگا، طلال چودھری
مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے وزیر دفاع خواجہ آصف شریک تھے جنہوں نے فتنہ الخوارج کی دہشتگردی کے مسئلے کو بھی اٹھایا۔





