وزیراعظم اور ملائیشیا کے ہم منصب کا رابطہ، امن و استحکام کے لیے تعاون پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کے درمیان اہم ٹیلیفونک گفتگو ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملائیشیائی وزیراعظم کی جانب سے کیے گئے رابطے میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کوالا لمپور کے حالیہ دورے کے دوران دی گئی پرتپاک مہمان نوازی پر ملائیشیا کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس دورے کے دوران طے پانے والے مفاہمتوں، خصوصاً حلال گوشت کی برآمد اور دیگر باہمی مفاد کے شعبوں میں پیش رفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا اہم سنگ میل قرار دیا۔

ٹیلیفونک گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی گفتگو کی، وزیر اعظم شہباز شریف نے انور ابراہیم کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں ہونے والے غزہ امن معاہدے کی دستخطی تقریب میں اپنی شرکت سے آگاہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے، غزہ تک انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ہم منصب کو پاکستان افغانستان سرحد پر حالیہ سیکیورٹی صورتحال سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستان، افغانستان میں پائیدار امن کا خواہاں ہے تاہم افغان سرزمین سے ہونے والی مسلسل سرحد پار دہشت گردی تشویشناک ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین سے کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔

ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ان امور پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی، دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط جاری رکھنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

Scroll to Top