کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن میں بڑی پیش رفت، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لیگ میں مزید دو ٹیموں کی شمولیت کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے غیر رسمی گفتگو کے دوران اس خوشخبری کا عندیہ دیا۔
ذرائع کے مطابق ٹیموں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ان کی شمولیت کے لیے اوپن بڈنگ کا طریقہ اپنانے کی تجویز سامنے آئی ہے، جس کے تحت ٹیموں کی قیمتوں کا تعین کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں نئی ٹیموں کے مالکان کو اپنی ٹیموں کے نام اور شہر خود منتخب کرنے کا اختیار ہوگا، جبکہ پی ایس ایل انتظامیہ جلد اس عمل کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کا آغاز 2016 میں پانچ ٹیموں کے ساتھ ہوا تھا، جبکہ چھٹی ٹیم ملتان سلطانز کو 2018 میں شامل کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : جمادی الاول کا چاند کب نظر آئے گا؟ سپارکو نے متوقع تاریخ بتا دی
اب 11ویں سیزن میں ٹیموں کی تعداد بڑھنے سے لیگ میں مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔
پی سی بی کی اس پیش رفت کو کرکٹ شائقین اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، اور امکان ہے کہ نئی ٹیمیں ایونٹ کو مزید مقبول بنائیں گی۔





