پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح کا تکنیکی وفد کابل پہنچ گیا ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وفد کا یہ دورہ حالیہ پاک-افغان کشیدگی سے قبل طے پایا تھا اور اس کا مقصد تکنیکی و سفارتی امور کا جائزہ لینا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق پاکستانی وفد میں وزارت داخلہ کے افسران، متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور تکنیکی ماہرین شامل ہیں۔ اگرچہ وفد کی افغان طالبان حکام سے کسی باضابطہ ملاقات کا شیڈول طے نہیں پایا، تاہم وفد کا قیام کابل میں موجود پاکستانی سفارتخانے میں سرگرمیوں پر مرکوز رہے گا۔
وفد کا بنیادی مقصد پاکستانی سفارتخانے میں ویزا نظام میں بہتری اور تکنیکی اصلاحات کا جائزہ لینا ہے۔ سفارتی حکام نے واضح کیا ہے کہ اس دورے کا حالیہ سرحدی جھڑپوں، کسی عبوری جنگ بندی یا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایک معمول کی سرگرمی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان جاری سفارتی و تکنیکی تعاون کا حصہ ہے۔





