وفاقی حکومت نے احسان جتانے کیلئے آئی جی کو ایکسپائر گاڑیاں دیں، شوکت یوسفزئی کا الزام

وفاقی حکومت نے احسان جتانے کیلئے آئی جی کو ایکسپائر گاڑیاں دیں، شوکت یوسفزئی کا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی نے وفاقی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ صوبے کو فراہم کی جانے والی گاڑیاں براہِ راست آئی جی کو دے کر وفاق نے پی ٹی آئی پر ’’احسان‘‘ جتایا اور ان گاڑیوں کی تصاویر شائع کروائیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ گاڑیاں بین الاقوامی ادارے کے زیرِ استعمال سابقہ ایکسپائر (استعمال شدہ) گاڑیاں تھیں جنہیں صوبے کو منتقل کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر صوبوں کو بھی گاڑیاں دی گئی مگر وہاں تصاویر جاری نہیں کی گئیں، جبکہ ہمارے لیے خصوصی تاثر سازی کی گئی۔

شوکت یوسفزئی نے یہ بھی الزام لگایا کہ وفاق نے صوبائی حکومت سے رابطے کے بجائے براہِ راست آئی جی کو بلایا اور گاڑیاں حوالہ کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاق صوبے کے دو ہزار ارب روپے کے بقایاجات ادا کرے تاکہ صوبائی اداروں کو جدید ساز و سامان فراہم کیا جا سکے۔

دوسری طرف سرکاری ذرائع نے موقف اختیار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے پاس اس وقت 18 بلٹ پروف گاڑیاں موجود ہیں جو ریجنل پولیس آفیسرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز اور ایڈیشنل آئی جیز کو منتقل کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو مزید وسائل بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔

مزید 22 بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کرنے کی منصوبہ بندی،پہلے ہی 5 اے پی سی (Armoured Personnel Carriers) فراہم کیے جا چکے ہیں اور 6 مزید اے پی سی کے آرڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top