راولپنڈی :وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفر یدی نے اڈیالہ روڈ کے داہگل ناکے کے قریب احتجاجی دھرنا دے کر روڈ بند کر دیا۔ یہ دھرنا عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر کیا گیا۔
دھرنے میں وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ پولیس کی بھاری نفری داہگل ناکے پر تعینات ہے تاکہ صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ اور ان کے ساتھیوں نے شدید نعرے بازی کی اور اپنی مطالبات کے حق میں احتجاج کیا۔ اس موقع پر سڑک بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
بعدازاںدھرنا ختم کیا گیا اور سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنما بانی سے ملاقات کئے بغیر روانہ ہوگئے۔
دوسری جانب آج اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے احکامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقاتوں کے احکامات پر فوری عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے۔
عدالت نے ہدایت کی ہے کہ جو بھی فہرست سلمان اکرم راجہ دیں گے، ان افراد کی ملاقاتیں کرائی جائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان سے ملاقات کی درخواستوں کی سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ عدالت نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرنے سے روکا تھا، تاہم ملاقات کے بعد باہر آکر میڈیا سے بات کی جاتی ہے۔
اس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عدالت نے کہا تھا کہ گیٹ پر میڈیا سے بات نہ کی جائے، مگر ایسا نہیں کہا گیا کہ منہ پر ٹیپ لگا دی جائےہم اڈیالہ جیل سے ڈیڑھ میل دور ہیں، وہاں بات کرتے ہیں۔
عدالت نے سلمان اکرم راجہ کو ہدایت کی کہ وہ گیٹ پر میڈیا سے بات نہ کریں بلکہ چیمبر میں یا شام کو کہیں بھی بات کر سکتے ہیں۔ یہ حکم ملاقاتوں کو باقاعدہ اور منظم طریقے سے یقینی بنانے کے لیے دیا گیا ہے تاکہ عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹ نہ آئے۔





