جنوبی افریقہ کا ٹی ٹونٹی سکواڈ پاکستان پہنچ گیا

جنوبی افریقہ کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز 28 اکتوبر سے شروع ہوگی۔

سیریز کا پہلا میچ منگل کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ جمعہ اور تیسرا میچ ہفتے کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

یہ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ شائقین کے لیے دلچسپی کا باعث ہوگی اور دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں میدان میں اترنے کی تیاری کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آصف آفریدی نے 92 سال پرانا ٹیسٹ ریکارڈ توڑ دیا

یاد رہے جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور دو میچوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا۔

پاکستان کی دوسری اننگز صرف 138 رنز پر ختم ہوئی جس کے بعد جنوبی افریقہ نے 68 رنز کا ہدف محض 12.3 اوورز میں صرف دو کھلاڑیوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈن مرکرم نے 42 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی جبکہ رائن ریکلٹن 25 رنز ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے دونوں وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں پاکستان نے 333 رنز بنائے جس میں شان مسعود نے 87 رنز، سعود شکیل نے 66 رنز اور عبداللہ شفیق نے 57 رنز کی کارکردگی دکھائی۔

جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج نے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر قابو میں رکھتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں 404 رنز بنا کر 71 رنز کی برتری حاصل کی، کگِیسو ربادا نے 61 گیندوں پر 71 رنز بنائے جبکہ سینوران مٹھوسامی نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی نے مہمان ٹیم کو سخت چیلنج دیتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن پھر منہدم ہو گئی اور ٹیم صرف 138 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

کپتان بابر اعظم نے 50 رنز بنائے، محمد رضوان 18، سلمان آغا 28 اور ساجد خان 13 رنز بنا سکے جبکہ چھ کھلاڑی دو ہندسوں میں داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ کے سپنر سائمن ہارمر نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر کگِیسو ربادا نے پاکستان کے خلاف 119 سال پرانا ریکارڈ توڑتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔

Scroll to Top