پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت جلد ایسے نئے قوانین متعارف کرانے جا رہی ہے جو خالصتاً عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہوں گے۔
آزاد ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے، جس کے بعد گڈ گورننس کے فروغ کے لیے ایک جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس پلان کا اعلان جلد کیا جائے گا، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں بھی نمایاں تیزی لائی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا شعور اور سیاسی بصیرت کے لحاظ سے ملک میں سب سے آگے ہے، کیونکہ یہاں کے عوام نے 2013 میں عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار ایک ہی جماعت نے تیسری مرتبہ حکومت بنا ئی ہے جو پی ٹی آئی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے معدنی ودیگروسائل پر کام کرکے خیبر پختونخوا کو مزید خودکفیل بنایا جائے گا۔
ایک سوال کےجواب میں سہیل آفریدی کا کہنا تھاکہ کابینہ کا اعلان جلد ہی کیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں : بانی سے ملاقات کا معاملہ،سہیل آفریدی کا توہین عدالت کیس کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط ارسال
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے توہینِ عدالت کیس دائر کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط ارسال کردیا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے وزیراعلیٰ کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کا حکم دیا تھا تاہم جیل انتظامیہ نے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
مذید لکھا گیا ہے کہ عدالتی فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی کے حصول کے لیے درخواست پہلے ہی جمع کرائی جا چکی ہےجو تاحال فراہم نہیں کی گئی۔
خط میں استدعا کی گئی ہے کہ قانون کی پاسداری اور کیس کو آگے بڑھانے کے لیے حکم نامے کی تصدیق شدہ کاپی فوری طور پر فراہم کی جائے۔





